ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گرین زون میں سعودی حکام نے دی عازمین کو پکوان کی اجازت ؛روشن بیگ کی جد و جہد کامیاب

گرین زون میں سعودی حکام نے دی عازمین کو پکوان کی اجازت ؛روشن بیگ کی جد و جہد کامیاب

Fri, 26 Aug 2016 00:58:40    S.O. News Service

جدہ /بنگلور25اگست(ایس او نیوز)مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے قریب واقع گرین زون میں اب سعودی حکام نے عازمین حج کو پکوان کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے گرین زمرہ کے عازمین کو بڑی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔ حج سیزن کے عین شروعات میں حکومت سعودی عربیہ نے حرم شریف سے متصل علاقہ مرکزیہ (گرین زون) میں واقع عمارتوں میں پکوان پر پابندی عائد کردی تھی۔اس پابندی کی وجہ سے عازمین حج کو پریشانی لاحق ہوگئی تھی،خاص طور پر عمر رسیدہ عازمین حج جو حرم شریف سے قریب رہنے کے لئے گرین زمرہ کا انتخاب کرتے ہیں،ان کیلئے یہ خبر پریشان کن تھی کہ ان کی بلڈنگوں میں پکوان کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی حکام کی طرف سے ان احکامات پر نظر ثانی کی یقین دہانی پر وزیر شہری ترقیات و حج جناب روشن بیگ نے اطمینان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے گرین زمرہ کے عازمین کو کافی راحت ہوجائے گی۔ جناب روشن بیگ نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے سعودی عرب کے سفیر برائے ہند، وزیر خارجہ اور وزیر اقلیتی امور سے رابطہ کیا تھا اور اس مسئلے کو سلجھانے کی گزارش کی تھی۔اب یہ اقدام اطمینان کا باعث ہے۔انہوں نے اس سلسلہ میں سعودی حکام سے گزارش کی ہے کہ اس پابندی کو ہٹانے کے سلسلے میں جلد از جلد احکامات نافذ کئے جائیں۔ قونصل جنرل جدہ سعودی عربیہ کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ سعودی وزارت حج و عمرہ اور سعودی محکمہ سیول ڈیفنس نے مکتب اور معلموں کو ہدایت دی ہے کہ گرین زمرہ کے علاقہ کی کسی بھی عمارت میں پکوان نہ کیا جائے۔ ان احکام کے بعد محکموں کے عہدیدار گرین زمرہ کی عمارتوں کے دورے کر تے ہوئے ان عمارتوں سے پکوان کا سامان بشمول اسٹو معہ گیس سلنڈر' الکٹرک ہاٹ پلیٹ وغیرہ ہٹا نے لگے تھے۔ عمارتوں کے مالکین کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ پکوان کے تمام انتظامات ہٹا دیں، ورنہ ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور عمارت کو مہر بند کردیا جائے گا۔چنانچہ مکتبوں ' معلمین اور عمارتوں کے مالکین عازمین حج کوتازہ احکامات سے واقف کرواتے ہوئے ان کی عمارتوں میں پکوان کی اجازت منسوخ کرنے کی ترغیب دے رہے تھے۔ جناب روشن بیگ نے اس تعلق سے مرکزی حج کمیٹی سے بھی نمائندگی کی تھی اور قونصلیٹ جنرل نے ہندوستانی عازمین کے لئے پکوان کی سہولت کی فراہمی کی ضرورت سے واقف کروایا تھا۔
 


Share: